بھٹکل 21/مئی (ایس او نیوز) بھٹکل میں منگل شام کو طوفانی ہواوں کے ساتھ زوردار بارش شروع ہوگئی جس سے عام زندگی مفلوج ہوگئی اور کئی گھنٹوں تک عوام جہاں تھے، وہیں پھنس کر رہ گئے۔
منگل صبح سے ہی اسمان آبرآلود تھا، دوپہر ہوتے ہوتے ہلکی بارش شروع ہوگئی، جبکہ شام قریب 6:30 کے بعد طوفانی ہواوں کے ساتھ زور دار بارش شروع ہوگئی جو قریب ایک گھنٹہ جاری رہی۔ سورج غروب ہونے سے پہلے ہی اتنی تیز بارش شروع ہوگئی تھی کہ نیشنل ہائی وے پر سواریوں کو گذرنے میں دقت پیش آرہی تھی، کئی لوگ سڑک کنارے ہی کچھ دیر کے لئے اپنی سواریوں کو روک کر بارش کے کم ہونے کا انتظار کرتے نظر آئے۔
قریب ایک گھنٹہ چلی بارش کے بعد کئی جگہوں پر پانی جمع ہوگیا، عوام نے شکایت کی ہے کہ اس بار بارش کی نالیوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہورہی ہے اور روڈ دکانوں میں گھس رہا ہے۔ بھٹکل ماری کٹہ کے دکانداروں کا کہنا ہے کہ میونسپالٹی والوں نے راستے کے دونوں طرف واقع نالیوں کی صفائی نہیں کی ہے، جس کی وجہ سے نالیاں بھر کر پانی دکانوں کے اندر داخل ہورہا ہے۔
اُدھر مخدوم کالونی سے عوام نے شکایت کی ہے کہ وہاں پر بھی نالیوں میں مٹی بھری پڑی ہے جس کی وجہ سے پہاڑی کی بلندی سے آنے والا پانی نالیوں سے گذرنے کے بجائے روڈ پر سے بہہ رہا ہے۔
بتاتے چلیں کہ بارش شروع ہونے سے پہلے ہی بھٹکل میں الیکٹری سٹی کی انکھ مچولی بھی شروع ہوگئی، ہر دو تین منٹ میں الیکٹری سٹی آنے پھر جانے کا سلسلہ جاری تھا۔ کئی لوگوں نے شکایتیں کیں ہیں کہ بجلی کی انکھ مچولیوں سے گھر کے الیکٹرک آلات خراب ہورہے ہیں۔